وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس

15

اسلام آباد، 27 جنوری) اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا اور پاکستانی قوم کشمیریوں کے ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی حمایت کا اظہار کرے گی۔

وفاقی وزیر نے کشمیر یکجہتی کے لیے بین وزارتی اور بین الصوبائی رابطہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں کشمیری شہید اور ہزاروں بھارتی جیلوں میں  قیدہیں اور ہزاروں کی تعداد بچے یتیم ہوگئے ہیں۔

کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم یوم یکجہتی کشمیر اس عزم کی تجدید کے ساتھ منائے گی کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت تمام بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہی ہے۔

انجینئر امیر مقام نے تمام پارلیمانی جماعتوں اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے کہا کہ وہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھر پورشرکت کریں تاکہ بھارت کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیر کاز پر متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اس وقت تک سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب تک وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔

اجلاس میں 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ہونے والی آئندہ تقریبات کے حوالے سے جامع لائحہ عمل پر تبادلہ خیال اور جائزہ لیا گیا۔  وفاقی وزارتوں، چاروں صوبائی حکومتوں بشمول آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان نے اجلاس کو یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔