صدرِ پاکستان کی یو اے ای کے صدر  اور ابوظہبی کےحکمران سےملاقات

13

ابوظہبی ،27جنوری (اے پی پی):صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اپنے سرکاری دورے کے دوران  متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔

انہوں نے دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں نئے مواقع تلاش کرنے جبکہ اقتصادی اور اسٹریٹجک شراکت داری میں توسیع کی بھرپور صلاحیت کو اجاگر کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے شیخ محمد بن زاید النہیان کے حالیہ دورۂ پاکستان کی اہمیت کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

دونوں فریقین نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر آصف علی زرداری کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرپا دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔