ملتان ، 28جنوری(اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیرِ صدارت دلی گیٹ تا بوہر گیٹ تاریخی فصیل اور والڈ سٹی کے ثقافتی ورثے کی بحالی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاک گیٹ سے حرم گیٹ تک تاریخی فصیل، قدیمی عمارتوں اور ثقافتی ورثے کی بحالی کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
کمشنر عامر کریم خاں نے دلی گیٹ تا بوہر گیٹ دس روز کے اندر جامع سروے مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ والڈ سٹی ملتان میں قائم دکانوں، رہائشی مکانات اور تجاوزات کا تفصیلی ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ انہوں نے سنگل اور ملٹی اسٹوری عمارتوں کی نشاندہی، اونرشپ کی تصدیق اور پراپرٹی وائز ڈیٹا اکٹھا کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
کمشنر ملتان نے واضح کیا کہ تمام پراپرٹیز کا مکمل ڈیٹا مرتب کر کے حکومت پنجاب کو ارسال کیا جائے گا تاکہ تاریخی ورثے کی بحالی کے منصوبے مؤثر انداز میں مکمل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کے تاریخی تشخص کی بحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور تاریخی فصیل و والڈ سٹی کی بحالی سے سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
عامر کریم خاں کا کہنا تھا کہ اندرون شہر ملتان کی بحالی سے ملکی و غیر ملکی سیاحت کے ساتھ ساتھ ثقافتی سرگرمیوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اندرون شہر موجود خالی جگہوں کا ڈیٹا مرتب کر کے انہیں عوامی استعمال کے لیے اپ گریڈ کرنے کا پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔
اجلاس کے دوران بریفننگ میں بتایا گیا کہ والڈ سٹی کے مختلف محلوں، بازاروں اور کھلے مقامات کا سروے ڈیٹا تیار کیا جا رہا ہے۔ کمشنر ملتان نے والڈ سٹی اتھارٹی کو ڈیٹا اینالیسس مکمل کر کے جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔











