دبئی ، 28 جنوری ( اے پی پی): صدر آصف علی زرداری سے ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان احمد بن سلیم کی دبئی میں ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں پاکستان اور ڈی پی ورلڈ کے درمیان مضبوط شراکت داری اور لاجسٹکس، بندرگاہی آپریشنز اور بنیادی ڈھانچے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے ڈی پی ورلڈ کی پاکستان کے ساتھ مضبوط اور مسلسل شراکت داری کو سراہا اور کہا کہ یہ تعاون پاکستان کو علاقائی تجارت اور ٹرانزٹ حب کے طور پر قائم کرنے کے قومی ہدف کے مطابق ہے۔ سلطان احمد بن سلیم نے پاکستان کے اسٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان سمندری راستوں پر بڑھتے دباؤ کے دور میں ایک نہایت اہم مقام رکھتا ہے۔
ملاقات میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان چین اور وسطی ایشیا کے ساتھ براہ راست زمینی روابط، بحیرہ عرب تک رسائی اور سڑک و ریل کے ذریعے روابط رکھتا ہے، جو اسے علاقائی اور بین العلاقائی تجارتی بہاؤ کے مرکز میں لاتا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے شراکت دار اداروں کو ادارہ جاتی سہولت کاری اور تیز تر منظوریوں کی فراہمی کے لئے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ۔











