وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کا جائزہ اجلاس

12

اسلام آباد، 29 جنوری) اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے آزاد جموں و کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کی۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عملدرآمد کے کام میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر وزیر اعظم کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا وفاقی اور آزاد کشمیر حکومتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انجینئر امیر مقام نے یقین دہانی کرائی کہ وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔