وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال  سےمصر کے سفیر کی ملاقات

15

اسلام آباد، 29 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال سے مصر کے سفیر نے ملاقات کی، جس میں صحت کے شعبے سمیت دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دواسازی کے شعبے اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے تعاون بڑھانے اور اس ضمن میں جاری پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان مضبوط، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جبکہ صحت کے شعبے میں تعاون دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم ستون بن چکا ہے۔ انہوں نے بالخصوص عالمی ادارۂ صحت جیسے فورمز پر پاکستان اور مصر کے اشتراک کو قابلِ تحسین اور قابلِ تقلید قرار دیا۔

مصطفیٰ کمال نے عالمی ادارۂ صحت کے 159ویں اجلاس میں مصر کی جانب سے پیش کی گئی دو قراردادوں کو سراہا، جو پریسیژن میڈیسن اور فیٹی لیور بیماری سے متعلق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات بروقت، مستقبل بیں اور عالمی صحت کی ترجیحات سے ہم آہنگ ہیں۔

مصر کے سفیر نے دونوں قراردادوں پر پاکستان کی حمایت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیرِ صحت نے مصر کی جانب سے ہیپاٹائٹس کی روک تھام اور علاج کے لیے ادویات کی فراہمی میں تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے مصر کی مثال ہمارے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔