وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سبزہ زار لاہور میں شیر کے حملے میں زخمی بچے کے خاندان کی فوری مدد

9

لاہور، 29 جنوری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سبزہ زار لاہور میں شیر کے حملے میں زخمی ہونے والے بچے واجد کے خاندان کی فوری امداد اور بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کی جانب سے متاثرہ بچے کے والد کو روزگار کی فراہمی کے لیے الیکٹرک رکشہ فراہم کر دیا گیا۔

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ نے الیکٹرک رکشے کی چابیاں واجد کے والد ساجد کے حوالے کیں۔ اس موقع پر ڈی جی سوشل ویلفیئر طارق قریشی بھی تقریب میں موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف متاثرہ خاندان کے دکھ درد کو اپنا دکھ سمجھتی ہیں اور حکومت پنجاب ایسے تمام متاثرہ شہریوں کی کفالت اور بحالی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

متاثرہ بچے کے والد ساجد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے ان کے خاندان کو نئی امید اور سہارا ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک رکشہ روزگار کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا اور ان کے خاندان کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

حکومت پنجاب نے واضح کیا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود اور مشکل کی گھڑی میں شہریوں کی مدد حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں مزید اقدامات بھی جاری رہیں گے۔