بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف کارروائی میں شہید پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی

16

کوئٹہ، یکم فروری( اے پی پی):  بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشتگردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی-

شہداء کی نماز جنازہ میں  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور  وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شرکت  کی جبکہ کور کمانڈر بلوچستان ، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور  آئی جی پولیس بلوچستان سمیت اعلیٰ حکام  بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے –

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ ملک کی سلامتی کے لئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے،آج ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مستعدی اور کامیابی سے ان حملوں کو ناکام بنایا  –

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ  دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائیاں ہمارے عزم کو توڑ نہیں سکتی، بلکہ قوم کو مزید مضبوط بناتی ہے-دہشت گرد عناصر ریاست کی طاقت اور عوام کے عزم کے سامنے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے-