لاہور، 1 فروری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھکر کے علاقے منکیرہ میں دانش اسکول کا افتتاح کرتے ہوئے علم و دانِش کے فروغ کی جانب ایک اور تاریخی قدم اٹھایا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ پرائمری اسکول کیسانوالہ میں سی ایم اسکول میل پروگرام کا بھی باقاعدہ آغاز کیا اور طالبات میں لنچ بکس تقسیم کیے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منکیرہ کے تین سرکاری اسکولوں کی اپ گریڈیشن کا اعلان کیا جس پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کیسانوالہ کو پرائمری سے ایلیمنٹری جبکہ کری اور نورپور شاہ کے گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکولوں کو ہائی کا درجہ دے دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ پرائمری اسکول کیسانوالہ کے کلاس رومز کا دورہ کیا اور طالبات سے گھل مل گئیں۔ انہوں نے دودھ کے خالی ڈبوں کی ری سائیکلنگ سے بننے والے جدید ڈیسک دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ ڈیسک 40 سال تک قابلِ استعمال ہیں اور بارش یا 100 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت سے متاثر نہیں ہوتے۔
طالبات سے گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ نے بچوں سے سوالات کیے، تصاویر بنوائیں اور ان کی معصوم باتوں سے محظوظ ہوئیں۔ ایک طالبہ کے “ع سے عین ہوتا ہے” کے معصوم جواب اور ایک بچی کی جانب سے وزیراعلیٰ کے لباس کی تعریف پر ماحول خوشگوار ہو گیا۔ وزیراعلیٰ نے بچیوں کو دودھ پینے، اچھی غذا کھانے اور مضبوط بننے کی نصیحت کی۔
دانش اسکول منکیرہ پہنچنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سفید پگڑی پہنے دو بچوں کا ہاتھ تھام کر افتتاح کیا۔ انہوں نے اسکول کی کمپیوٹر لیب اور لائبریری کا بھی دورہ کیا اور بچوں کو کتابیں پڑھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ مطالعے سے علم اور عزت میں اضافہ ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے دانش اسکول گرلز کیمپس کے ہاسٹل میں جا کر بلوچستان سے تعلق رکھنے والی طالبات نرمل تحریم، شکیلہ نور اور انوشے کنول کی سالگرہ منائی، کیک کاٹا اور کہہ کر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے طالبات کے ساتھ بیٹھ کر دوپہر کا کھانا بھی کھایا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ طلبہ محنت کریں، آگے بڑھیں اور کبھی مایوس نہ ہوں۔ محنت سے وہ سب کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے جو بظاہر ناممکن لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹیاں ہر شعبے میں آگے بڑھیں تو بطور ماں انہیں بے حد خوشی ہوتی ہے اور وہ پنجاب بھر میں اپنی بیٹیوں کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گی۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے وزیراعلیٰ کو سی ایم اسکول میل پروگرام اور دانش اسکولوں سے متعلق بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ اسکول میل پروگرام کے تحت دو لاکھ سے زائد خالی ملک پیک ری سائیکل کر کے فرنیچر، کاپیاں اور پنسلیں بنائی جا رہی ہیں۔ صوبے بھر کے 20 دانش اسکولوں میں 13 ہزار 197 طلبہ زیر تعلیم ہیں جبکہ دانش منکیرہ منصوبہ 2017 میں شروع ہوا جسے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مکمل کرایا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 13 اضلاع کے 8 ہزار 319 اسکولوں میں سی ایم اسکول میل پروگرام جاری ہے، جہاں 4 ہزار 309 بوائز اور 4 ہزار 10 گرلز اسکولوں میں صحت بخش لنچ فراہم کیا جا رہا ہے۔ پروگرام کے بعد طلبہ کی انرولمنٹ میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ اب تک 3 کروڑ 37 لاکھ ملک پیک اور ایک کروڑ 22 لاکھ بسکٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔











