ملتان، 02 فروری (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ ملتان کی جانب سے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی صدارت میں ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
کچہری کے دوران فردِ ملکیت، انتقالات، قبضہ اور دیگر ریونیو معاملات سے متعلق 100 سے زائد درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو ریونیو سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں، جہاں اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران اور پٹواری موجود ہیں۔
محمد نعمان صدیق نے قبضہ مافیا کے خلاف موصول ہونے والی درخواستوں پر فوری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی۔ عوامی مسائل کے بروقت حل پر شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا۔











