وفاقی وزرا کی مرحوم صدر آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے گھر آمد

15

میرپور،3فروری(اے پی پی):وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایات پر مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ خان، وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام، اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مرحوم صدر آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے گھر کا دورہ کیا ، فاتحہ خوانی اور مرحوم کی وفات پراظہار تعزیت کیا۔

وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ ، وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ سلطان ہاؤس چیچیاں میں  ان کے صاحبزادگان وزیر حکومت چوہدری یاسر سلطان ، چوہدری سعود سلطان اور وزیر توانائی چوہدری ارشد حسین سے اظہار تعزیت کیا اور صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی آزاد خطہ کی تعمیر وترقی ،مسئلہ کشمیر کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے پر ان کی سیاسی و سفارتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس دوان انہوں نےکہاکہ ان کی رحلت سے کشمیری ایک بہت بڑے سیاستدان سے محروم ہوگئے ہیں ، بیرسٹر سلطان محمود  چوہدری اعلیٰ روایات کے مالک لیڈر تھے جنہوں نے ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لئے وقف کی ہوئی تھی ۔ان کی شاندار اور پروقار خدمات کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے۔