پاکستان اور قازقستان کے درمیان کھیلوں میں تعاون کے معاہدے طے، ‘دوستی اسپورٹس سینٹر’ کا افتتاح

14

اسلام آباد، 03 فروری ( اے پی پی): پاکستان اور قازقستان نے کھیلوں، قیادت اور نوجوانوں کی بااختیاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مستحکم کرنے کے لیے مفاہمت کی متعدد یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدے دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات کو گہرا کرنے اور کھیلوں کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں۔

معاہدوں کی تفصیلات کے مطابق باکسنگ، کبڈی اور شطرنج کے فروغ کے لیے تین خصوصی ایم او یوز پر دستخط کیے گئے، جن کے تحت کھلاڑیوں کے تبادلے، استعداد کار میں اضافے اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مشترکہ تربیتی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر عامر خان باکسنگ کمپلیکس میں ‘دوستی اسپورٹس سینٹر’ کا افتتاح بھی کیا گیا، جو دونوں ممالک کی مشترکہ ثقافت اور ورثے کی عکاسی کرتا ہے۔

ایم او یوز پر دستخط کی تقریب میں سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) محی الدین احمد وانی، ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ، عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان، اور پاکستان باکسنگ، کبڈی و شطرنج فیڈریشنز کے سربراہان نے قازقستان وفد کے ہمراہ شرکت کی۔

 سیکرٹری آئی پی سی محی الدین احمد وانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدے پاکستانی نوجوانوں کے لیے مسابقتی سرگرمیوں کے نئے راستے کھولیں گے اور اس سے ایم ایم اے، شطرنج اور باکسنگ جیسے کھیلوں میں نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

قازقستان کی وزیر تعلیم جازیرہ اسکندرووا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قازقستان پاکستان کے ساتھ تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے باکسر عامر خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں دونوں ممالک کا ہیرو قرار دیا اور بتایا کہ قازقستان کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران انفراسٹرکچر سمیت دیگر اہم امور پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

 باکسر عامر خان نے اس شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان میں باکسنگ کے معیار کو بلند کرنے کے لیے ایک دور اندیش اقدام قرار دیا اور پاکستان آرمی و اسپورٹس بورڈ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔