اسلام آباد،03 فروری (اے پی پی ): ریسرچ سوسائٹی آف انٹرنیشنل لا نے پاکستان بار کونسل کی ڈائریکٹوریٹ آف لیگل ایجوکیشن کے اشتراک سے پاکستان میں قانونی تعلیم اور پیشہ ورانہ عمل کے مستقبل کے موضوع پر قومی کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں ججوں، وکلاء، اساتذہ اور ماہرینِ قانون سمیت 200 سے زائد شرکاء نے شرکت کی۔
وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے اپنے پیغام میں کہا کہ قانونی پیشہ مسلسل ارتقا پذیر ہے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے جدت اور ٹیکنالوجی کا ذمہ دارانہ استعمال ناگزیر ہے۔
کانفرنس میں قانونی تعلیم کے معیار، نصاب کی بہتری، نوجوان وکلاء کی رہنمائی، مسلسل پیشہ ورانہ تربیت اور قانون میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر اتفاق کیا گیا، جبکہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹولز کے عملی مظاہرے بھی پیش کیے گئے۔
وفاقی سیکریٹری قانون راجہ نعیم اکبر نے عدالتی نظام کی ڈیجیٹائزیشن، ڈیجیٹل رپورٹنگ سسٹم اور پاکستان کوڈ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے قوانین تک آسان اور بروقت رسائی کی اہمیت پر زور دیا۔











