لاہور، 03 فروری (اے پی پی) : وزیراعلیٰ پنجاب کےوژن کے تحت محفوظ بسنت کیلئے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور کی ہدایت پر شہر بسنت تھیم سے سجا دیا گیا۔ ضلع بھر میں چھتوں کی انسپیکشن جاری، خطرناک چھتوں والی عمارات و گھروں کو نوٹس جاری کر دیے گئے۔ خطرناک چھتوں کی چیکنگ اور نوٹسز چسپاں کرنے کے عمل کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔شہریوں کو گھر گھر جا کر اور کیمپس میں محفوظ بسنت اور حفاظتی تدابیر پر آگاہی دی جا رہی ہے۔ شہریوں میں وسیع پیمانے پر آگاہی اور موٹر سائیکلوں پر حفاظتی راڈز کی تنصیب بھی جاری ہے۔مخدوش عمارتوں کے مکینوں کو ممکنہ خطرات سے ذاتی طور پر آگاہ کیا جائے اور عوامی مقامات پر قائم کیمپس کے ذریعےشہریوں کو حفاظتی تدابیر سمجھائی جائیں ۔بسنت کی سجاوٹ کے ساتھ ساتھ عوامی تحفظ کے پیغامات بھی نمایاں کیے جائیں۔والدین اور بزرگوں کو شامل کر کے بچوں کی حفاظت کیلئے کمیونٹی کو متحرک کریں۔ڈی سی لاہور کیپٹن محمد علی اعجاز نے کہا کہ شہریوں کی قیمتی جانوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے،خطرناک چھتوں کی نشاندہی کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور احتیاط ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے بتایا کہ موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت کیلئے سیفٹی وائرز کی تنصیب یقینی بنا رہے ہیں، بسنت کی خوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر اپنانا بھی لازم ہے،ضلعی انتظامیہ گھر گھر جا کر شہریوں کو محفوظ جشن کا پیغام دے رہی ہے۔پرامن اور خوشگوار ماحول میں ثقافتی میلے کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔











