اسلام آباد، 04 فروری (اے پی پی ): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور قازقستان کے وزیرِ تجارت ارمان شقلیئیف کے درمیان یہاں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور رابطہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور قازقستان نے دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے زمینی اور ریلوے رابطہ کاری کو ناگزیر قرار دیا اور وسطی ایشیا سے پاکستان کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
قازقستان کی جانب سے بڑے ریلوے اور روڈ انفراسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے مستقبل میں دوطرفہ تجارت کو پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کی توقع کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر قازق وزیرِ تجارت نے قازقستان کے اس وژن کو اجاگر کیا جس کا مقصد وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور یورپ کو باہم جوڑنا ہے۔
وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے وسطی ایشیا کے ساتھ براہِ راست روابط بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی رابطہ کاری سے تجارتی و سرمایہ کاری تعاون کو نئی جہت ملے گی۔
ملاقات میں زراعت، فوڈ پروسیسنگ، ادویات، ٹیکسٹائل اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے، بزنس ٹو بزنس روابط مضبوط بنانے اور تجارتی وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں فریقین نے پاکستانـقازقستان معاشی تعلقات کو موجودہ امکانات سے آگے بڑھاتے ہوئے عملی اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔











