اے ایس پیز کا نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ہیڈکوارٹرز کا دورہ

14

اسلام آباد، 04 فروری (اے پی پی):28ویں ابتدائی کمانڈ کورس کے 52ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے تحت زیرِ تربیت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (اے ایس پیز) نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے سینٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز مسرور عالم کولاچی نے افسران کو ادارے کے کردار، پیشہ ورانہ کارکردگی اور تنظیمی ڈھانچے پر بریفنگ دی۔

انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس سروس عوام کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ایک باوقار پیشہ ہے۔ انہوں نے زیرِ تربیت افسران پر زور دیا کہ وہ دیانت،نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کو ہمیشہ مقدم رکھیں اور جدید پولیسنگ و ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کریں۔

آئی جی نے کہا کہ موٹروے پولیس کا مشن قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر مسافروں کے تحفظ اور بروقت مدد کو یقینی بنانا ہے اور ادارے کی مثبت کارکردگی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

دورے کے دوران اے ایس پیز نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر، 130 ہیلپ لائن، ایم ٹو مین ٹول پلازہ اسلام آباد اور نارتھ ریجن کے سیکٹر آفس خیر آباد کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں مختلف نظاموں پر بریفنگ دی گئی۔