ڈیرہ بگٹی: یومِ یکجہتیٔ کشمیر جوش و جذبے اور ملی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا

11

ڈیرہ بگٹی 5فروری (اے پی پی)ڈیرہ بگٹی میں یومِ یکجہتیٔ کشمیر جوش و جذبے اور ملی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ضلع بھر میں ریلیاں نکالی گئیں۔

مرکزی ریلی ڈپٹی کمشنر آفس ڈیرہ بگٹی سے نکالی گئی، جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر اور ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل کامران نے کی۔ ریلی میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ، قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مختلف شعبۂ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حق میں نعرے درج تھے۔ ریلی کے دوران “کشمیر بنے گا پاکستان” کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

ریلی پاکستان چوک پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت آزادیٔ کشمیر تک جاری رکھے گا۔آخر میں شرکاء نے کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔