کمبوڈیا کی وزیرِ تجارت چام نِمول اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئیں

11

اسلام آباد،09فروری(اے پی پی ): کمبوڈیا کی وزیرِ تجارت چام نِمول اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئیں، جہاں وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں کے درمیان استقبالیہ ملاقات بھی ہوئی جس میں دوطرفہ تجارتی تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس دورے کا مقصد پاکستان–کمبوڈیا تجارتی روابط کو فروغ دینا اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔ دورہ مشترکہ تجارتی کمیٹی (جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی) کے دوسرے اجلاس کے سلسلے میں ہو رہا ہے، جو 10 تا 11 فروری کو منعقد ہوگا۔اجلاس میں دوطرفہ تجارت میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور جوائنٹ وینچرز کے نئے مواقع سے متعلق اہم فیصلوں کی توقع ہے، جبکہ ترجیحی تجارتی معاہدے سے متعلق مذاکرات کے آغاز، ٹیرف میں کمی اور مارکیٹ تک رسائی بہتر بنانے جیسے امور بھی زیرِ غور آئیں گے۔

یاد رہے کہ مشترکہ تجارتی کمیٹی کا پہلا اجلاس کمبوڈیا کے دارالحکومت پنوم پنہ میں منعقد ہوا تھا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر جام کمال خان نے کی تھی۔پاکستان کی جانب سے کمبوڈیا کو ادویات، کپاس سے بنی مصنوعات، کاٹن یارن اور لیدر مصنوعات برآمد کی جاتی ہیں، جبکہ کمبوڈیا سے اسٹرکچرز، کوکو پاؤڈر اور منتخب ملبوسات درآمد کیے جاتے ہیں۔

حکومتِ پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کمبوڈیا کے ساتھ اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنا کر پائیدار ترقی اور باہمی فائدے کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔