لاہور، 9 فروری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں صحت، تعلیم، “اپنی چھت، اپنا گھر”، “ستھرا پنجاب” اور ماحولیاتی بہتری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان عالمی بینک اور حکومتِ پنجاب کے مابین جاری شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی۔ عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے فلاحی منصوبوں کو سراہتے ہوئے پنجاب میں جاری ٹورازم، ایجوکیشن، ہیلتھ اور اسکل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
اجلاس میں عالمی بینک کے تعاون سے صوبے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر مستقبل میں موسمیاتی لچک (Climate Resilience)، ڈیجیٹل گورننس اور جامع ترقی کے فروغ کے لیے مزید سپورٹ اور سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت عالمی بینک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور صحت و تعلیم کے شعبے صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، جن میں خطیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب مالی استحکام اور قابلِ عمل کاروباری ماڈلز کے ساتھ عالمی بینک کے ساتھ مسلسل تعاون کا خواہاں ہے۔ ورلڈ بینک کے اشتراک سے “کنیکٹڈ پنجاب پروگرام” تیار کیا جا رہا ہے اور کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) کی اہمیت کو تسلیم کیا جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ عالمی بینک نہ صرف آئی ٹی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے میں معاونت کرے گا بلکہ اقتصادی ترقی کو بھی متحرک بنائے گا۔ پنجاب حکومت نے ڈیجیٹل ادائیگیوں، گورننس اور زراعت میں بہتری کے لیے متعدد اقدامات متعارف کرائے ہیں جبکہ ڈیجیٹلائزیشن کا مقصد کارکردگی، شفافیت اور ترقی کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی، عالمی آئی ٹی سرٹیفیکیشنز اور ای پروکیورمنٹ جیسے اقدامات گورننس سسٹم میں بہتری لا رہے ہیں۔ عالمی بینک کے تعاون سے آبپاشی کے نظام میں بہتری لائی گئی ہے جبکہ “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے ذریعے سستی رہائش فراہم کی جا رہی ہے۔ مستحق افراد کے لیے “نگہبان پیکج” اور “ہمت کارڈ” جیسی سماجی بہبود کی اسکیمیں بھی شروع کی گئی ہیں۔











