وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کے ہمراہ کمبوڈیا کی وزیرِ تجارت چام نِمول کا ایف پی سی سی آئی پریذیڈنٹ آفس کا دورہ

14

اسلام آباد، 10 فروری (اے پی پی ): پاکستان کے سرکاری دورے پر آئی کمبوڈیا کی وزیرِ تجارت چام نِمول نے وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کے ہمراہ ایف پی سی سی آئی پریذیڈنٹ آفس کا دورہ کیا، جہاں پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بزنس کمیونٹی کے مابین روابط بڑھانے، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور باہمی تجارتی حجم میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے اس موقع پر کہا کہ حکومت تجارت کے فروغ، کاروباری ماحول کی بہتری اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈپلومیسی کو مؤثر بناتے ہوئے بی ٹو بی روابط اور سیکٹرل تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو براہِ راست فائدہ پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی تجارت اور کنیکٹوٹی کے حوالے سے اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور حکومت دوست ممالک کے ساتھ معاشی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

کمبوڈیا کی وزیرِ تجارت چام نِمول نے کہا کہ کمبوڈیا پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو کمبوڈیا میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی اور باہمی تجارت کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں کو حتمی شکل دینے پر بھی کام جاری ہے۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام اورتجارتی ترقی کیلئے پالیسی سطح پر اقدامات کر رہی ہے،جس کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان آئی ٹی،ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل اور دیگر شعبوں میں تعاون کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کے درمیان روابط بڑھانے اور مشترکہ منصوبوں کے آغاز میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

چام نِمول نے اپنے پہلے سرکاری دورۂ پاکستان کے دوران پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور چیمبر ٹو چیمبر تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور بزنس انگیجمنٹ بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔