اسلام آباد، 10 فروری (اے پی پی): پاکستان کے عدالتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے آج اسلام آباد میں ‘نیشنل جوڈیشل اینالٹکس ڈیش بورڈ ’کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
یہ منصوبہ لاء اینڈ جسٹس کمیشن، نیشنل آئی ٹی بورڈ (NITB) اور تمام اعلیٰ عدالتوں کے آئی ٹی ڈائریکٹوریٹس کے باہمی اشتراک سے مکمل کیا گیا ہے۔ڈیش بورڈ کا بنیادی مقصد ڈیٹا کی بنیاد پر عدالتی پالیسی سازی، شفافیت اور مقدمات کی کارکردگی کی نگرانی کو بہتر بنانا ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے تقریب سے خطاب میں اس ڈیش بورڈ کو ‘ گورننس کا اہم آلہ’ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی سے عدالتی نظام میں کارکردگی کی نگرانی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے تمام ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے برسوں پرانے اصلاحاتی وژن کو حقیقت کا روپ دیا۔
جسٹس محمد علی مظہر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ بیہ پلیٹ فارم ملک بھر کے عدالتی ڈیٹا کو ایک جگہ جمع کر کے اسے ریئل ٹائم (حقیقی وقت) میں تجزیہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس سے نہ صرف اسٹریٹجک منصوبہ بندی میں مدد ملے گی بلکہ ادارہ جاتی احتساب کا عمل بھی مضبوط ہوگا۔
تقریب میں چیئرمین نیشنل جوڈیشل آٹومیشن کمیٹی جسٹس محمد علی مظہر، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے ججز، وفاقی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











