اسلام آباد، 11 فروری (اے پی پی): قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ کو اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ، اجلاس میں صدر مملکت کے دونوں ایوانوں سے خطاب پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے تحریک پیش کی جس کے ذریعے گزشتہ سال مارچ میں صدر مملکت کے دونوں ایوانوں سے خطاب پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔ ایوان نے تحریک کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں مختلف امور پر غور کیا گیا اور متعدد اہم بل منظور کر لئے گئے۔ اجلاس کے دوران وقفہ سوالات میں وزارت اطلاعات و نشریات سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ وزارت اطلاعات و نشریات کے منسلک محکمے اطلاعاتی خواندگی، میڈیا سے آگاہی اور ڈیجیٹل خواندگی کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات اور سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات دانیال چودھری نے ایوان کو آگاہ کیا کہ پریس کونسل آف پاکستان انٹرن شپ پروگرامز اور سیمینارز کے ذریعے میڈیا خواندگی کی حمایت کر رہی ہے۔
بعد ازاں قومی اسمبلی نے جن بلوں کی منظوری دی ان میں ‘‘دی پاکستان سٹیزن شپ (ترمیمی) بل، 2025’’، ‘‘دی کینابیس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (ترمیمی) بل، 2026’’، ‘‘دی پاکستان کے نام اور نشانات (غیر مجاز استعمال کی روک تھام) (ترمیمی) بل، 2026’’، ‘‘دی نیشنل آرکائیوز بل، 2026’’، ‘‘ہاؤسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ترمیمی) بل، 2026’’ اور ‘‘اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سینئر سٹیزنز (ترمیمی) بل، 2025’’ شامل ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر اسپیکر نے ایوان کی کارروائی جمعرات کی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دی۔











