پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان ٹیکنالوجی اور جدت پر مبنی تعاون کے فروغ پر اتفاق

16

اسلام آباد، 12 فروری (اے پی پی ):  وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور کمبوڈیا کی وزیرِ تجارت چم نیمول نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اور نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این ایس ٹی پی) کا دورہ کیا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی اور جدت پر مبنی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

دورے کے موقع پر معزز مہمانوں کو اکیڈمیا، صنعت اور حکومت کے باہمی اشتراک پر تفصیلی بریفنگ دی۔ این ایس ٹی پی میں مصنوعی ذہانت، سیمی کنڈکٹر ڈیزائن، روبوٹکس اور اسمارٹ سٹی منصوبوں پر جامع پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی، جبکہ پاکستان کی چِپ ڈیزائن، ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ اور اے آئی صلاحیتوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے نسٹ کی اختراعی صلاحیتوں اور قومی معیشت میں اس کے کردار کو سراہتے ہوئے تجارت کے مستقبل کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر کمبوڈیا کی وزیرِ تجارت چم نیمول نے نسٹ کے انوویشن ماڈل کو متاثر کن اور دور اندیش قرار دیا۔

دونوں رہنماؤں نے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، تحقیقاتی تبادلوں اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے جدت، تحقیق اور نجی شعبے کی شراکت کے ذریعے دوطرفہ اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔