اسلام آباد، 13 فروری (اے پی پی): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے 1988 طالبان پابندیوں کے نظام کے تحت مانیٹرنگ ٹیم کے مینڈیٹ میں مزید بارہ ماہ کی توسیع کی قرارداد کی حمایت کا اعلان کیا۔
انہوں نے متفقہ منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ بروقت اور ضروری ہے۔ پاکستان نے افغان سرزمین پر سرگرم دہشت گرد گروہوں خصوصاً ٹی ٹی پی، بی ایل اے، مجید بریگیڈ، داعش خراسان اور القاعدہ کی موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حالیہ حملوں میں 80 پاکستانی جاں بحق ہوئے جن کی منصوبہ بندی افغان سرزمین سے کی گئی۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے مطالبہ کیا کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو اور طالبان حکام دہشت گرد گروہوں کے خلاف قابل تصدیق اقدامات کریں۔ انہوں نے افغانستان میں انسانی بحران، خواتین کے حقوق کی بگڑتی صورتحال اور معاشی چیلنجز کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مانیٹرنگ ٹیم کو دہشت گردی اور سلامتی سے متعلق امور پر مؤثر رپورٹنگ جاری رکھنی چاہیے۔











