لاہور، 13 فروری(اے پی پی):صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت اقلیتی قبرستانوں کی زمین اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کو فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ جن علاقوں میں اقلیتی برادری کیلئے قبرستانوں کی سہولت موجود نہیں، وہاں کی فوری نشاندہی کی جائے اور ضلع وار تفصیلی رپورٹس اور قابلِ عمل تجاویز جلد از جلد پیش کی جائیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں عمل میں لائے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری کیلئے باعزت تدفین کے مقامات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ موجودہ اقلیتی قبرستانوں کی صفائی، دیکھ بھال اور چار دیواری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قلیل مدت میں قبرستانوں کی فوری مرمت، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ضروری انتظامات مکمل کئے جائیں گے، جبکہ طویل مدت میں نئے اقلیتی قبرستانوں کیلئے باقاعدہ زمین مختص کی جائے گی۔
اجلاس کے شرکاء نے قبرستانوں کی بحالی اور بہتری کیلئے خصوصی ترقیاتی اسکیمیں متعارف کرانے پر زور دیا۔ اس موقع پر قبرستانوں تک رسائی کے راستوں کی تعمیر، پانی کی فراہمی، روشنی کے انتظامات اور سکیورٹی اقدامات کو منصوبہ بندی میں شامل کرنے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ اجلاس میں اراکینِ پنجاب اسمبلی بابا فیبلوس کرسٹوفر، شکیل جاوید آرتھر، طارق مسیح گل، اعجاز عالم اور ایمانئیول اطہر نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ اور پارلیمانی سیکرٹری سونیا آشر بھی اجلاس میں موجود تھیں۔











