لاہور، 14 فروری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں کچے کے علاقوں میں کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش اور مبارکباد دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی مسلسل محنت رنگ لے آئی اور کچہ کا علاقہ ڈاکوؤں سے پاک کر دیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ راجن پور اور رحیم یار خان کے جزیرہ نما کچے کے علاقے مکمل طور پر کلیئر کر لیے گئے ہیں۔ راجن پور کے علاقوں سے 342 جبکہ رحیم یار خان سے 200 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چھ ہفتوں کے آپریشن کے بعد دہائیوں سے قائم جرائم پیشہ نیٹ ورک کا خاتمہ ممکن ہوا اور گزشتہ 45 دن سے اغواء برائے تاوان یا ہنی ٹریپ کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ سرنڈر کرنے والے 500 سے زائد افراد میں ہائی پروفائل گینگ لیڈرز بھی شامل تھے جن میں سے متعدد کے سروں کی قیمت مقرر تھی۔ ڈاکوؤں سے راکٹ لانچر، مشین گنز، پسٹل، ہینڈ گرنیڈز اور بھاری اسلحہ برآمد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکوؤں نے ریاست کے اندر ریاست قائم کر رکھی تھی اور کچہ کو نو گو ایریا بنا دیا تھا، تاہم اللہ کے فضل سے ریاست کی رٹ بحال ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ آپریشن میں پاک فوج، رینجرز، پنجاب و سندھ پولیس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور دیگر اداروں نے مشترکہ کارروائی کی۔ جدید ڈرون ٹیکنالوجی، نائٹ ویژن کیمروں، انٹیلی جنس شیئرنگ اور ملٹی ایجنسی کوآرڈینیشن کے باعث کامیابی ممکن ہوئی۔ آپریشن میں تعینات 1700 سے زائد پولیس اہلکاروں کو اے پی سیز، بلٹ پروف جیکٹس اور جدید آلات فراہم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سرنڈر کرنے والوں سے آئندہ مجرمانہ سرگرمیوں، فائرنگ اور پولیس پر حملوں سے باز رہنے کا عہد لیا گیا ہے جبکہ ان کے خلاف قانون کے مطابق شفاف ٹرائل ہوگا۔ ڈاکوؤں اور سہولت کاروں کے ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کچے کے علاقوں کیلئے بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہاں سکول، کالجز، ہسپتال اور ٹیوٹا ادارے قائم کیے جائیں گے۔ بہتر ٹرانسپورٹ کیلئے گرین بس سروس شروع کی جائے گی جبکہ “اپنا کھیت اپنا روزگار” پروگرام کے تحت زرعی اراضی اور کسان کارڈز بھی دیئے جائیں گے۔ روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔ کچہ ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے تین رکنی اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس کی سربراہی سینئر وزیر کریں گی جبکہ ہوم سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں خوبصورت سڑکیں، اضافی مراعات، روزگار اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہاں کے عوام کی زندگیوں میں حقیقی بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کچہ میں تعینات ڈاکٹرز اور اساتذہ کو خصوصی الاؤنس اور مراعات بھی دی جائیں گی تاکہ عوام کو بہتر تعلیم اور صحت کی سہولیات میسر آ سکیں۔











