ٹھوکر نیاز بیگ سے بحریہ ٹاؤن تک اسپیڈو بس سروس کا آغاز، شہریوں کیلئے جدید سفری سہولت میسر

18

لاہور، 14 فروری (اے پی پی): صدر مسلم لیگ (ن) لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر کی کاوشوں سے ٹھوکر نیاز بیگ سے بحریہ ٹاؤن تک اسپیڈو بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس منصوبے کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی وعدوں کی تکمیل قرار دیا جا رہا ہے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ نئی اسپیڈو بس سروس کے آغاز سے نہ صرف بحریہ ٹاؤن بلکہ گرد و نواح کی متعدد ہاؤسنگ سوسائٹیز کے رہائشی بھی مستفید ہوں گے۔ یہ جدید، آرام دہ اور محفوظ سفری سہولت روزانہ سفر کرنے والے شہریوں، طلبہ، ملازمین اور خواتین کیلئے آسانیاں پیدا کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بس روٹ جناح ٹرمینل سے ٹھوکر چوک اور کینال بینک روڈ کے راستے بحریہ ٹاؤن لاہور تک جائے گا، جس سے شہریوں کو تیز رفتار اور سستی ٹرانسپورٹ میسر آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ حکومت پنجاب کے عوام دوست ویژن اور لاہور کی ترقی کی جانب ایک اہم عملی قدم ہے اور حلقے کے عوام کیلئے ایک بڑا تحفہ ہے۔ ملک سیف الملوک کھوکھر نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے والی قیادت ہیں اور صوبے میں جدید ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ علاقہ مکینوں نے بھی اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جدید سفری سہولت کی فراہمی سے لاہور کے شہریوں کو بڑی سہولت حاصل ہوگی اور روزمرہ سفر مزید آسان ہو جائے گا۔