وزیر اعظم کا   ملک کے 1 کروڑ 21 لاکھ  مستحق خاندانوں کیلئے رمضان  پیکج کا اعلان،فی خاندان 13 ہزار روپے ادائیگی کی جائے گی،محمد شہباز شریف

22

 

اسلام آباد،14فروری  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے  رمضان المبارک کے دوران ایک کروڑ 21 لاکھ مستحق خاندانوں کےلئے 13 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے 38 ارب روپے کے رمضان پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے کونے کونے میں مستحق سفید پوشوں کو شفاف طریقے سے ڈیجیٹل بینکنگ کے ذریعے ادائیگیاں کی جائیں گی۔

وہ ہفتہ  کو یہاں وزیر اعظم رمضان پیکج 2026 کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیر اعظم شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ نہ صرف  عبادات بلکہ  رزق حلال سے وسائل کو تقسیم کرنے کا مہینہ بھی ہے، گزشتہ سال سفید پوشوں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کا شفاف نظام متعارف کرایا، رواں سال اسی کو مزید بہتر

 بنایا جا رہا ہے-اس میں کوئی سیاسی تفریق نہیں ، میں نے اس نظام کو وضع کرنے کےلئے خود نگرانی کی۔

وزیر اعظم نے بٹن دبا کر رمضان پیکج کے تحت ادائیگیوں کے پروگرام کا  اجرا کیا۔

قبل ازیں وفاقی وزیر  برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تخفیف غربت کےلئے اقدامات اور سماجی تحفظ و انسانیت کی خدمت موجودہ حکومت کا شعار ہے ۔

سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر احمد علی نے بتایا کہ مستحق طبقات کےلئے شفاف ادائیگیوں کا نظام وزیر اعظم کا ویژن ہے، گزشتہ سال پانچ ہزار روپے کا پیکج تھا جسے بڑھا کر رواں سال 13 ہزار روپے کردیا ہے ، شفافیت کےلئے اس کی بھی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ  ہیلپ لائن 9999 سے پروگرام کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں ۔