اسلام آباد،16 فروری(اے پی پی ): وزیرداخلہ و چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سنیل کمارا گیمیج سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، کھیلوں خصوصا کرکٹ کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں ممالک نے کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات میں گرمجوشی آرہی ہے اور کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے ذریعے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے موقع پر بہترین انتظامات کو سراہا اور کہا کہ سری لنکا میں بہت محبت ملی اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔محسن نقوی نے سری لنکن وزیر کھیل و امور نوجوانان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
ملاقات میں سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈ فہیم العزیز، ایڈوائزر ٹو چئیرمین پی سی بی عامر میر، چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر بھی موجود تھے۔











