شجاع آباد، 16 فروری )اے پی پی):نئی تعینات ہونے والی اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ڈاکٹر ثناء رام چند نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال، رمضان نگہبان کارڈز کی تقسیم سنٹر اور میونسپل کمیٹی بنگلہ پارک کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
ٹی ایچ کیو ہسپتال کے دورے کے دوران انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے تعارفی ملاقات کی اور ہسپتال میں دستیاب انسانی وسائل، طبی سہولیات اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ لی۔ اس موقع پر مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر نے رمضان نگہبان کارڈز کی تقسیم کے عمل کی مانیٹرنگ کی۔ انہوں نے تقسیم کے انتظامات، مستحق افراد کی تصدیق اور شفافیت کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ تمام مراحل مقررہ طریقہ کار کے مطابق مکمل کیے جائیں اور عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
انہوں نے میونسپل کمیٹی بنگلہ پارک کا بھی دورہ کیا، جہاں صفائی، تزئین و آرائش اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے پارک انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بہتر تفریحی ماحول کی فراہمی کے لیے فوری بہتری کے اقدامات کیے جائیں۔
اس سے قبل دفتر میں اسٹاف کے ساتھ تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثناء رام چند نے کہا کہ عوامی خدمت، شفافیت اور مؤثر کارکردگی ان کی اولین ترجیح ہوگی اور تمام افسران باہمی تعاون سے فرائض انجام دیں۔











