راولاکوٹ،17 فروری(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف تعلیم، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شمولیت کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے وژن پر عمل پیرا ہیں اور لیپ ٹاپ سکیم اسی وژن کی عکاس ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ پونچھ راولاکوٹ میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم فیز 4 کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے طلبہ و طالبات میں 446 لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام مکمل طور پر میرٹ پر مبنی ہے اور اس میں کسی سفارش کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سکیم 2011 میں شروع ہوئی، بعد ازاں نواز شریف کے دور میں اسے ملک بھر تک توسیع دی گئی اور اب وزیراعظم شہباز شریف نے اسے دوبارہ بھرپور انداز میں بحال کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی و کشمیری نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور بروقت مواقع ملنے پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے تمام شہریوں کے لیے صحت کارڈ سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ ہر خاندان کو معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ تعلیم کے میدان میں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش یونیورسٹی بنے گی جبکہ پانچ دانش سکول قائم کیے جائیں گے جن میں سے کچھ پر کام بھی جاری ہے جس سے نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کی جا سکے۔











