شجاع آباد، اسسٹنٹ کمشنر کارمضان سے قبل قبرستانوں کی صفائی کا جائزہ، انجمن تاجران اور صحافیوں سے ملاقاتیں

12

شجاع آباد 17 فروری )اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ڈاکٹر ثناء رام چند نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل شہر کے مختلف قبرستانوں اور جنازہ گاہوں کا دورہ کرتے ہوئے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نور شاہ قبرستان، خیرپور قبرستان اور نواب شجاع خان قبرستان میں صفائی انتظامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر تحصیل منیجر ستھرا پنجاب کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ تمام قبرستانوں میں صفائی کے انتظامات فوری طور پر بہتر بنائے جائیں، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی یقینی بنائی جائے اور مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ کا نظام مؤثر بنایا جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

دریں اثنا، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ثناء رام چند نے انجمن تاجران شجاع آباد اور بعد ازاں صحافی برادری کے ساتھ الگ الگ تعارفی ملاقاتیں بھی کیں۔ ملاقاتوں میں شہر کو درپیش مسائل، عوامی سہولیات کی بہتری اور انتظامی امور میں شفافیت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی خدمت کو اولین ترجیح دیتی ہے اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے تاجران کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری شہر کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ان کے تعاون سے شہری مسائل کا حل ممکن بنایا جائے گا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا اور انتظامیہ کے باہمی تعاون سے شہر کی ترقی اور مسائل کے حل میں مدد ملتی ہے۔ ملاقاتوں میں صفائی، تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک نظم و ضبط، بازاروں کی بہتری اور دیگر شہری مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل تجاویز پر غور کیا گیا اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا گیا۔