وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کی کیمیکل انڈسٹری کے رہنماؤں سے اجلاس میں ملاقات

14

اسلام آباد: 18 فروری(اے پی پی): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کیمیکل انڈسٹری کے رہنماؤں سے ایک اہم اجلاس میں ملاقات کی جس میں صنعتی ترقی، برآمدی تنوع اور تجارتی سہولت کاری کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے حکومت کی صنعتی اصلاحات اور برآمدات کے فروغ سے متعلق ترجیحات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر گورننس، بہتر عملدرآمد اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے ذریعے تجارتی پالیسیوں کے ثمرات کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کسٹمز اور ریگولیٹری نظام میں بہتری کی اہمیت پر زور دیا تاکہ کاروباری برادری کو زیادہ سہولت میسر آ سکے۔

وزیرِ تجارت نے سیکٹورل کونسلز کے تحت بااختیار سیکرٹریٹ کے قیام اور واضح اہداف کے تعین کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ان پلیٹ فارمز کو طویل المدتی معاشی منصوبہ بندی اور صنعتی رہنمائی کے مؤثر فورمز کے طور پر مزید فعال بنایا جائے گا۔انہوں نے ٹیکسٹائل کے ساتھ ساتھ کیمیکل، فارماسیوٹیکل، سرجیکل، فوڈ پروسیسنگ اور ویلیو ایڈڈ مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں استعداد بڑھانے اور برآمدی مواقع کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور برآمدی استعداد بڑھانے سے متعلق تجاویز پیش کیں، جن کا وزیرِ تجارت نے خیرمقدم کیا۔وفاقی وزیر جام کمال خان نے صنعت کے ساتھ مسلسل مشاورت، تحقیق پر مبنی پالیسی سازی اور مشترکہ حکمتِ عملی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کے باہمی تعاون سے صنعتی و برآمدی شعبوں میں مزید پیش رفت ممکن بنائی جائے گی۔