اسلام آباد، 18فروری(اے پی پی): وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نےآزاد جموں و کشمیر کے وزراء کے ہمراہ اے جے کے کونسل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدے پر عمل درآمد ترجیح ہے،معاہدے کے نقاط پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے آج معمول کے مطابق اجلاس ہوا، کشمیری عوام کے مسائل کا حل ہمارا ایجنڈا ہے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ امید ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندے آئندہ اجلاس میں آئیں گے، 26 فروری کو اجلاس دوبارہ ہوگا،آزاد کشمیر کی نئی حکومت میں کیے گئے وعدوں پر عمل درامد میں تیزی آئی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف تمام معاملات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ 37 میں سے 17 مطالبات پر مکمل عمل درآمد ہو چکا ہے،آزاد کشمیر کابینہ کی تعداد 20 وزراء سے زیادہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں صحت کارڈ کا اجرا کر دیا گیا ہے، معطل کیے گئے ملازمین کو بحال کر دیا گیا ہے،بجلی کےبلوں میں رعایت کا مطالبہ بھی منظور کر لیا گیا ہے،بجلی کے نظام کی بہتری کے لیے 10 ارب روپے مختص کر دیے گئے ہیں،میرپور ایئرپورٹ کی فیزیبلٹی آخری مراحل میں ہے۔
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر من و عن عمل ہو رہا ہے،آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، معرکہ حق کے بعد وزیراعظم نے سب سے پہلے آزاد کشمیر کے شہداء کے ورثاء کو معاوضہ دیا۔











