سکھر،19فروری(اے پی پی): میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ شہر کی چار تاریخی گھنٹہ گھڑیاں مکمل طور پر بحال کر کے فعال بنا دی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ گھنٹہ گھڑیاں سکھر کی تاریخی شناخت اور تہذیبی ورثے کا اہم حصہ ہیں، جو اب ہر گھنٹے شہریوں کو وقت کی اہمیت اور اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلائیں گی۔ ان کے مطابق یہ اقدام صرف گھڑیوں کی مرمت نہیں بلکہ شہری شعور، اجتماعی بیداری اور ثقافتی وراثت کی تجدید کی علامت ہے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے مزید کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمت، برکت اور مغفرت کا مقدس مہینہ ہے جو انسان کو صبر، تقویٰ، نظم و ضبط اور وقت کی قدر کا عملی درس دیتا ہے۔ یہ بابرکت ایام ہمیں اپنی عبادات میں اخلاص پیدا کرنے، اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط بنانے اور معاشرے میں مثبت و ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی تلقین کرتے ہیں۔











