صوبائی وزیر اوقاف چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب اوقاف بورڈ کا اجلاس، اہم انتظامی و مالیاتی فیصلوں کی منظوری

10

لاہور، 19 فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین کی ایوانِ اوقاف آمد کے موقع پر پنجاب اوقاف بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت انہوں نے خود کی۔ اجلاس میں 12 نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ گزشتہ بورڈ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بورڈ نے ڈائریکٹر فنانس کی آسامی کی بحالی اور ڈائریکٹر ایگریکلچر لیز اینڈ ڈویلپمنٹ کی نئی پوسٹ کی تخلیق کی منظوری دی۔ ایڈمنسٹریٹرز اوقاف کی گریڈ 18 کی آسامیوں پر بذریعہ مستعار بھرتیوں کی بھی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں اوقاف آرگنائزیشن کے ملازمین کیلئے 20 فیصد الاؤنس اور کنٹریکٹ ملازمین کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں جامعہ ہجویریہ کے طلباء کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے لمز، پنجاب، یو ایم ٹی اور دیگر جامعات کے ساتھ معاہدے کرنے کی منظوری دی گئی۔ معاہدوں کے تحت ان یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے والے مدارس کے طلباء کو وظائف فراہم کئے جائیں گے۔ بورڈ نے محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مذہبی تقریبات کے سالانہ کیلنڈر اور ماہِ رمضان المبارک میں مختلف مذہبی ایونٹس کے انعقاد کی بھی منظوری دی۔ ڈاؤن سائزنگ پالیسی کے تحت عرصہ دراز سے خالی پڑی 60 آسامیوں کے خاتمے کی منظوری بھی دی گئی۔ بورڈ اجلاس میں محکمانہ ریفارمز کے نتیجے میں درباروں پر قائم کیش باکسرز میں آمدن بڑھنے پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ اوقاف کو ہر قسم کی کرپشن سے پاک کرنا ان کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری اوقاف نے محکمانہ آمدن میں اضافے اور شفافیت کے فروغ کیلئے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ محکمانہ وسائل پر ڈاکہ ڈالنے اور کیش باکسرز میں خردبرد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نذرانے امانت ہیں، اس میں خیانت کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں جبکہ محکمانہ وسائل سے ذاتی کاروبار کرنے والے عناصر ادارے کو کمزور کر رہے ہیں اور ایسے کرپٹ عناصر کی محکمے میں کوئی جگہ نہیں۔ چوہدری شافع حسین نے محکمہ اوقاف کے امور کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل تیز کرنے، ایوانِ اوقاف کے داخلی راستے کی بہتری اور عمارت کی تزئین و آرائش کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت جاری کی۔ اجلاس میں محکمہ اوقاف کے بعض دیگر انتظامی و مالیاتی امور کی منظوری بھی دی گئی۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بورڈ اجلاس کے ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف، ڈی جی مذہبی امور، ڈائریکٹرز اور بورڈ ممبران نے شرکت کی۔