صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت ایک اجلاس، پنجاب بھر کے صنعت زاروں کی اپگریڈیشن کا آغاز، فلاحی پروگراموں پر پیش رفت کا جائزہ

13

لاہور، 20 فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر کے صنعت زاروں کی اپ گریڈیشن کا عمل باقاعدہ شروع کر دیا گیا۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکمانہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے والے ادارے صنعت زار کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

 صوبائی وزیر نے پنجاب بھر کے صنعت زاروں کی اپ گریڈیشن کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین مستفید ہو سکیں۔

 اجلاس میں دھی رانی پروگرام کے رواں سال کے ہدف کی تکمیل پر بھی بریفنگ دی گئی جبکہ معاون آلات اور وہیل چیئرز پروگرام پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے تمام فلاحی اداروں کے اعداد و شمار فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

 سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق محکمہ سوشل ویلفیئر عوامی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فلاحی اداروں میں مقیم بچوں، بزرگوں اور خواتین کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

 صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخ میں موجودہ حکومت سے قبل سماجی بہبود کے شعبے کو اتنی ترجیح نہیں دی گئی۔ دھی رانی پروگرام کے ذریعے ہزاروں مستحق بیٹیوں کی باوقار رخصتی ممکن ہوئی جبکہ ہمت کارڈ کے تحت پنجاب کے ایک لاکھ افراد باہم معذوری کو مالی معاونت فراہم کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلی بار افراد باہم معذوری کو ان کی ضرورت کے مطابق معاون آلات فراہم کئے گئے ہیں تاکہ وہ معاشرے میں باعزت اور خودمختار زندگی گزار سکیں۔