لاہور، 20 فروری(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کلائمیٹ ریزیلینٹ پنجاب وژن 2024 کے تحت پہلی بار اور کلائمیٹ چینج کی اے ڈی پی قبل از وقت فائنل کر دی گئی جبکہ 38 ترقیاتی اسکیموں پر تیز رفتار عملدرآمد جاری ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اسموگ کے تدارک کیلئے 3 ارب روپے سے 30 جدید فوگ کیننز الیکٹرک ٹرکس پر نصب کیے جائیں گے۔ 15 اینٹی اسموگ گنز کے ذریعے 47 ہزار کلومیٹر کوریج سے 10 میں 30 سے 45 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ مزید سپرسیڈرز، بیلرز اور ہارویسٹرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ فصلوں کی باقیات جلانے کا خاتمہ ممکن ہو۔ لاہور ایئر امپروومنٹ فریم ورک کیلئے 2 ارب 25 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ون سٹی ون پالیسی اور سپر اسٹیشن کے ذریعے ریئل ٹائم فضائی آلودگی کی نشاندہی ممکن ہوگی۔ پنجاب بھر میں 50 سے زائد جدید ایئر کوالٹی مانیٹرز اور پانچ دریاؤں پر 15 واٹر مانیٹرنگ اسٹیشنز فعال کر دیے گئے ہیں۔ پنجاب کلائمیٹ آبزرویٹری کے قیام، لو ایمیشن زون، پلاسٹک فری زونیفیکیشن اور ماحولیاتی قوانین کو مزید مؤثر بنانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ EPA کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن، جدید لیبارٹریز کی اپ گریڈیشن اور انوائرمنٹ اینڈ کلائمیٹ ڈلیوری یونٹ کے قیام سے مانیٹرنگ کا نظام مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پنجاب صاف ہوا، ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے جامع اور دیرپا اقدامات کر رہی ہے اور رمضان المبارک میں کاروباری مراکز کو ریلیف دینے اور عوامی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔











