وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان  کی ملاقات

11

اسلام آباد ،21 فروری ( اے پی پی): وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد خان نے ملاقات کی  ہے ، ملاقات میں گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے دوران سکیورٹی، امن و امان کی صورتحال اور سیاحت کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ صوبے میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو جلد از جلد آپریشنل کیا جائے گا تاکہ دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

‎اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ سی ٹی ڈی کو جدید ٹیکنالوجی اور اسلحہ کی فراہمی کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائے گا اور انتخابات کے دوران اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔

‎محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امن و امان ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور شفاف و پُرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محفوظ اور پُرامن ماحول سیاحت کے فروغ کی بنیادی ضرورت ہے، اور حکومت اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

‎ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان میں قیامِ امن اور ترقیاتی عمل کو ہر صورت آگے بڑھایا جائے گا تاکہ علاقے میں سیاسی استحکام اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔