اسلام آباد، 21 فروری ( اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی 150ویں سالگرہ کی مناسبت سے عالمی معیار کی تاریخی ویب سیریز تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ یہ منصوبہ محض ایک تقریب نہیں بلکہ قومی تجدید اور فکری احیاء کا اہم سنگِ میل ہوگا۔
وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ بامقصد کہانی سنانا قوم سازی کا ایک طاقتور ذریعہ ہے اور ان سیریز کے ذریعے نوجوان نسل کو قیامِ پاکستان کے نظریاتی سفر، آئین پسندی اور قومی اقدار سے جوڑا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار آج بھی عالمی سطح پر مؤثر رہنمائی فراہم کر رہے ہیں، جبکہ تاریخی ڈرامے سافٹ پاور اور ثقافتی سفارتکاری کا مؤثر ذریعہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت عالمی معیار کی پروڈکشن کے لیے 50 کروڑ روپے تک سیڈ فنڈنگ فراہم کرے گی۔
اجلاس میں مصنفین اور پروڈیوسرز کے لیے علمی ورکشاپس کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ تاریخی تحقیق اور فکری گہرائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ یہ سیریز پاکستان کی مثبت عالمی شناخت اور فکری ورثے کو دنیا کے سامنے پیش کرے گی اور تخلیقی صنعت کے ساتھ شراکت داری سے قومی بیانیہ مضبوط بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سالگرہ کی تقریبات کو قومی تعمیرِ نو اور فکری تجدید کا آغاز بنایا جائے گا، قائداعظم کی آئینی جدوجہد اور علامہ اقبال کے فکری وژن کو عالمی بیانیے کا حصہ بنایا جائے گا، اور تحقیق پر مبنی مستند تاریخی پروڈکشنز تیار کی جائیں گی۔
اجلاس میں قومی ورثے کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، عالمی مارکیٹس میں پاکستانی تاریخی مواد کی مؤثر نمائندگی، قومی ہیروز کے افکار کو نوجوان نسل کے لیے قابلِ فہم انداز میں پیش کرنے اور ڈرامہ و ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستان کی نظریاتی اساس کو تقویت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
شرکاء نے قومی تاریخ کو سافٹ پاور میں تبدیل کرنے کی حکمت عملی کی منظوری دی اور تخلیقی صنعت کو ریاستی سرپرستی کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پاکستان کے اپنے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔











