سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام فیز-3 کا افتتاح، دو سال میں 31 ہزار ٹریکٹر دے کر نیا ریکارڈ قائم

12

لاہور، 22 فروری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام فیز-3 کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے قرعہ اندازی کا آغاز کر دیا۔ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد دی اور بعض خوش نصیب کسانوں کو خود فون کر کے خوشخبری سنائی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بہاولپور کے کاشتکار حمزہ لیاقت سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا، “آپ کی سی ایم مریم نواز بول رہی ہوں، قرعہ اندازی میں آپ کا ٹریکٹر نکل آیا، مبارک ہو۔” انہوں نے کہا کہ گرین ٹریکٹر اسکیم سے پنجاب کا زرعی لینڈ اسکیپ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کاشتکاروں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی ایم گرین ٹریکٹر اسکیم کے تیسرے مرحلے کیلئے 4 لاکھ 27 ہزار پانچ ایکڑ اراضی کے مالک کاشتکاروں نے درخواستیں جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں پاکستان میں ٹریکٹرز کی قیمتیں دگنی سے بھی زیادہ ہو چکی ہیں جس کے باعث چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کیلئے مکمل قیمت پر ٹریکٹر خریدنا مشکل ہو گیا تھا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2024 میں پنجاب حکومت نے زرعی مشینری کے فروغ پر خصوصی توجہ دی۔ گرین ٹریکٹر اسکیم کے پہلے دو مراحل میں 21 ہزار ٹریکٹر فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ تیسرے مرحلے میں 50 سے 65 ہارس پاور کے مزید 10 ہزار ٹریکٹر دیے جائیں گے۔ اس طرح دو سال میں پنجاب کے کاشتکاروں کو 31 ہزار ٹریکٹر فراہم کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا جا رہا ہے جبکہ گزشتہ 25 سالوں میں مجموعی طور پر 20 ہزار ٹریکٹر دیے گئے تھے۔بریفنگ کے مطابق پنجاب میں فی 10 ہزار ایکڑ اراضی پر اوسطاً 140 ٹریکٹر موجود ہیں جو دیگر ممالک کے تناسب سے 50 فیصد بھی کم ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ پنجاب کی زرعی معیشت میں ٹریکٹر سب سے اہم مشینری ہے اور اس اسکیم سے زرعی پیداوار میں اضافہ اور کسانوں کی معاشی حالت میں بہتری متوقع ہے۔