ملتان ،22 فروری ڈپٹی ک(اے پی پی ):مشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے ماہِ رمضان المبارک کے دوران پرائس چیکنگ کیلئے خود فیلڈ میں نکل کر بڑے کمرشل سٹورز اور شاپنگ مالز کا اچانک معائنہ کیا اور سرکاری ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 16 لاکھ روپے جرمانے عائد کر دیے۔
ڈپٹی کمشنر نے Chase Up کو 5 لاکھ روپے، Metro Cash & Carry Pakistan کو 5 لاکھ روپے، Imtiaz Super Market کو 5 لاکھ روپے جبکہ لطیف سپر سٹور کو ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ کیا۔
معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف سٹورز اور بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے نرخ چیک کیے اور واضح کیا کہ سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے سٹور مالکان کو فوری طور پر سستے ڈی سی کاؤنٹرز فعال کرنے اور نمایاں مقام پر سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کا الٹی میٹم جاری کیا۔
محمد نعمان صدیق کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ بڑے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف گھیرا تنگ کر رہی ہے اور ماہِ رمضان میں کسی کو عوام کی جیب پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیا جائے گا۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو بھی فیلڈ میں متحرک رہنے اور روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سرکاری نرخنامے سے زائد قیمت وصول کرنے کی شکایات فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو درج کرائیں تاکہ ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔











