ملتان ،22 فروری (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا اور ادارے میں بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے انتظامی عمارت، کلاس رومز، کمپیوٹر لیب، لائبریری اور ہاسٹل کا معائنہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ادارے میں مجموعی طور پر 120 بچے زیر کفالت ہیں جس پر کمشنر نے مجموعی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا۔ دورے کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے بچوں سے ملاقات بھی کی اور بچوں نے فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ مخیر حضرات کے تعاون سے ادارے میں اے سیز اور ہاسٹل سائیڈ پر جھولوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے پی ایچ اے کو باغبانی مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ گرلز ہاسٹل کی عمارت موجود ہے، ایس این ای کی منظوری کے بعد اسے فعال کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بچوں کے ساتھ افطار ڈنر کے انعقاد اور اپنی شرکت کی بھی یقین دہانی کرائی۔











