پنجاب بھر میں 300 سے زائد نگہبان رمضان دسترخوان قائم، لاکھوں روزہ دار روزانہ مستفید

33

لاہور، 23 فروری (اے پی پی): برقی قمقموں سے جگمگاتی شاہراہیں،روشن عمارتیں اور افطار سے قبل سجے دسترخوان،پنجاب بھر میں مخیر حضرات کے اشتراک سے300 سے زائد “نگہبان دسترخوان”  سج گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبہ بھر میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں نہ صرف شہروں کو سجایا گیا بلکہ مستحق خاندانوں تک ریلیف کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔“ نگہبان رمضان پیکج” کے تحت امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کے اشتراک سے پنجاب بھر میں 300 سے زائد “نگہبان دسترخوان” سجا دیئے گئے جہاں لاکھوں روزہ دار روزانہ افطار کی سعادت حاصل کررہے ہیں، مختلف مقامات پر قورمہ، بریانی، پھل، شربت، پکوڑے، سموسے اور دیگر لوازمات سے تواضع کی گئی۔لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں افطار کے وقت خوشی کا سماں دیکھائی دیتا ہے۔ راولپنڈی،بہاولپور،چنیوٹ،ڈی جی خان، گجرات،جھنگ،اٹک،جہلم، قصور،خانیوال، کوٹ ادو، لیہ، منڈی بہاؤالدین، مری، مظفرگڑھ،اوکاڑہ اور نارووال سمیت دیگر اضلاع میں بھی ہزاروں افراد نگہبان دسترخوان پر روزہ افطار کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مخیر حضرات اور اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک احساس اور اخوت کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کی ضرورت کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور یہی جذبہ “نگہبان دسترخوان” میں نمایاں نظر آ رہا ہے۔ پنجاب بھر میں اخوت اور ہمدردی کی یہ روایت رمضان المبارک میں سماجی یکجہتی اور بھائی چارے کی روشن مثال بن گئی ہے۔