صوبائی سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب مدثر ریاض ملک کا دورہ ملتان ، ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ

12

ملتان،23فروری(اے پی پی ):  صوبائی سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب مدثر ریاض ملک نے ملتان کا دورہ کرتے ہوئے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں اور جنوبی پنجاب ایجوکیشن سیکرٹریٹ کا معائنہ کیا اور تعلیمی سہولیات، اساتذہ کی حاضری، طلبہ کے داخلوں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے افسران سے بریفنگ لیتے ہوئے واضح کیا کہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے تبادلوں میں سو فیصد میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور کسی سفارش یا دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

مدثر ریاض ملک نے بتایا کہ خطرناک سکول بلڈنگز اور کلاس رومز کے تخمینے مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ اپ گریڈیشن کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ صوبہ بھر میں 25 ہزار نئے کلاس رومز کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ آؤٹ سورس کیے گئے سکولز کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آؤٹ سورسنگ کے بعد طلبہ کے داخلوں میں 114 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو اس پالیسی کی کامیابی کا ثبوت ہے۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے مزید کہا کہ اے ای اوز کو فیلڈ میں مزید متحرک کیا جائے گا جبکہ سرپلس اساتذہ کو ڈائریکٹر ایجوکیشن کے سپرد کر کے مانیٹرنگ اور سٹوڈنٹ ایویلیوایشن کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔ سرپلس ٹیچرز کو مانیٹرنگ ایپ تک رسائی دے کر ٹیسٹ لینے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ 150 سے کم طلبہ یا تین اساتذہ والے سکولز کی نشاندہی کر کے آؤٹ سورسنگ کیلئے فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں تاکہ تعلیمی وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد امین اویسی بھی ان کے ہمراہ تھے۔