اسلام آباد ، 26 فروری ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکج، 2026 کے حوالے سے جائزہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس ، اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج 2026 کا باضابطہ آغاز کیا گیا ہے ، جس کے لیے 38 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں ؛ گزشتہ سال کی امدادی رقم کو 5 ہزار سے بڑھا کر 13 ہزار فی کس کی ہے، تاکہ مستحق افراد کی رمضان کے بابرکت مہینے میں مالی مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کا سب سے بڑا اور جامع رمضان ریلیف پیکج ہے؛ پچھلے سال کے کامیاب تجربے پر مبنی وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج 2026 کی تقسیم بھی اسی شفاف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے نقد مالی مدد مستحق افراد تک پہنچائی جا رہی ہے ۔وزیراعظم کی رمضان پیکج کے لئے کام کرنے والے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے مستحق افراد کو رقم کی فراہمی ایک انتہائی شفاف اور سہل ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جا رہی ہے، لوگوں کو لمبی قطاروں سے نجات ملی ہے اور ان کی عزت نفس بھی مجروح نہیں ہوتی۔
اجلاس کو پی ایم رمضان ریلیف پیکیج 2026 پر پیشرفت کے حوالےسے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال 8 رمضان المبارک تک 64 فیصد مستحق افراد تک رقوم پہنچائی جا چکی ہیں: بقیہ مستحق افراد کو رقوم کی ادائیگی کے حوالے سے تصدیق اور جانچ کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔ اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ اس سال 12 بینک اور فنانشل ٹیکنالوجیز کی کمپنیاں رقوم کی تقسیم میں حکومت کی شراکت دار ہیں۔ رمضان پیکیج میں شامل مستحقین اب تک 1.1 ملین ڈیجیٹل ٹرانزیکشن کر چکے ہیں ۔پی ایم رمضان پیکج کی آگاہی کے حوالے سے مستحق افراد کو اب تک 12 لاکھ 27 سے زائد روبو (خود کار) کالز کی جا چکی ہیں ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ایم رمضان پیکج کا دائرہ کار پورے ملک بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بھی ہے ۔ڈیجیٹل والٹس ڈیٹا پر مبنی مالی نظام کا ایک اہم سنگ میل ہے ۔ریئل ٹائم ڈیش بورڈز کے ذریعے ادائیگیوں کی اپ ڈیٹ کی ذریعے شفافیت یقینی بنائی جا رہی ہے۔پی ایم رمضان پیکج کے حوالے سے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر بھرپور آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی, معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرپرسن BISP سینیٹر روبینہ خالد، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔











