اسلام آباد، 26فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کسی بھی قوم کی اصل طاقت اس کی امید، اعتماد اور درست معلومات تک رسائی میں مضمر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب عوام کو حقائق سے آگاہ رکھا جائے اور ترقی کا واضح روڈمیپ پیش کیا جائے تو قومی حوصلہ بلند ہوتا ہے اور ملک آگے بڑھتا ہے۔
پاکستان گورننس فورم 2026 کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت شفافیت، مؤثر منصوبہ بندی اور عوامی فلاح کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مربوط حکمت عملی کے تحت معیشت، ترقی اور سماجی شعبوں میں بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے فورم کے انعقاد کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت کا شعبہ قومی ترقی کا بنیادی ستون ہے اور حکومت بیماریوں سے بچاؤ، ماں اور بچے کی بہتر نگہداشت اور عوامی آگاہی کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت مند معاشرہ مضبوط معیشت اور مستحکم مستقبل کی ضمانت بنتا ہے، اسی لیے بنیادی صحت کی سہولیات اور پالیسی سازی میں بہتری پر زور دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں صحت کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور قومی سطح پر فلاح عامہ کے ایجنڈے کو بھرپور انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔











