سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز کی ترقی سے متعلق نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد

13

اسلام آباد: سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ای) کی ترقی اور فروغ سے متعلق نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس وزیراعظم کے  معاون خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزارتِ صنعت و پیداوار کے سینئر حکام، چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیڈا، صوبائی نمائندگان اور بینکاری شعبے کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایس ایم ای سیکٹر کی بہتری، پالیسی ہم آہنگی اور کاروباری سہولیات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران ایس ایم ای کی تعریف اور دائرہ کار میں بہتری سے متعلق تجاویز زیر غور آئیں تاکہ بدلتے ہوئے معاشی حالات کے مطابق کاروباری اداروں کو زیادہ مؤثر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ قومی ایس ایم ای پالیسی پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے مربوط اقدامات پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ ایس ایم ایز معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں اس شعبے کے استحکام اور وسعت کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان ہم آہنگی خوش آئند ہے اور نئی پالیسی اقدامات پر مشترکہ پیش رفت کی جا رہی ہے۔

اجلاس میں متعلقہ اداروں کو باقاعدہ فالو اپ اور پیشرفت رپورٹنگ کی ہدایت کی گئی تاکہ پالیسی اقدامات کے نتائج مؤثر انداز میں سامنے آ سکیں۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ایس ایم ایز کے لیے مالی سہولتوں اور بینکاری تعاون کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جائے۔

مزید برآں، جدید مہارتوں کی فراہمی، اسکل ڈویلپمنٹ پروگرامز اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے متعلق تربیتی اقدامات کو کاروباری شعبے کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا گیا۔ سمیڈا کی جانب سے جدید تقاضوں کے مطابق تربیت اور رہنمائی کی فراہمی کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا گیا، جو ملک میں کاروباری ماحول کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔