ڈاکٹر مصدق ملک اور جرمن سفیر کی ملاقات, موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور جرمنی کا مشترکہ لائحہ عمل

16

اسلام آباد، 27 فروری ( اے پی پی: (وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں موسمیاتی تعاون اور دوطرفہ اشتراک کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران سفیرِ جرمنی نے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے ملک میں ماحولیاتی بہتری، موسمیاتی اقدامات کے فروغ اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ بہتر ہم آہنگی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے جرمنی کی جانب سے جاری معاونت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف منصوبے جرمن ترقیاتی ادارے GIZ کے تعاون سے جاری ہیں، جن کا مقصد پاکستان کی موسمیاتی استعداد کو مضبوط بنانا ہے۔

ان منصوبوں میں موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت، ماحولیاتی لچک میں اضافہ، گرین معیشت کے فروغ، اخراج میں کمی کی حکمتِ عملی اور پائلٹ پروگرامز کی تیاری شامل ہے۔ سفیر نے اس موقع پر CISTA نامی مجوزہ منصوبے پر بھی روشنی ڈالی، جو مربوط موسمیاتی خدمات اور جدید ڈیٹا مینجمنٹ نظام کے قیام میں معاون ثابت ہوگا اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو تقویت دے گا۔

وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے جرمنی کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے CISTA منصوبے کے سلسلے میں مشترکہ ورکشاپ کے انعقاد کی تجویز پیش کی تاکہ ڈیٹا کے تبادلے اور تکنیکی مہارت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک تحقیق، تعلیمی تبادلوں اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دے کر موسمیاتی شعبے میں تعاون کے نئے دروازے کھول سکتے ہیں۔