لاہور، 28 فروری (اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے سینیٹر سردار احمد خان لغاری اور ایم پی اے سردار منصور لغاری نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور امن و امان کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کیلئے آنے والے رہنماؤں نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے کامیاب آپریشن غضب للحق پر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو اینٹ کا جواب پتھر سے دے کر ایک بار پھر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے خلاف آپریشن غضب للحق سچے پاکستانیوں کی آواز ہے اور پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کو کامیاب کارروائی پر سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے ہمیشہ ملکی سالمیت پر حملہ آوروں کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور آپریشن غضب للحق کے ذریعے دشمن کو اسی کی زبان میں بھرپور جواب دیا گیا ہے۔ اتحاد و یکجہتی کی قوت سے دشمن کی ہر سازش کو خاک میں ملا دیں گے جبکہ ہماری افواج جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت چوکس ہیں۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی تھی، کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور مل کر ہی اسے پرامن، محفوظ اور معاشی طور پر مضبوط ملک بنانا ہے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے محکمہ اوقاف اور انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ میں کی گئی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا۔











